ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مغربی بنگال: ’الیکشن کمیشن بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے‘

مغربی بنگال: ’الیکشن کمیشن بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے‘

Sun, 28 Mar 2021 11:01:54    S.O. News Service

کولکاتا، 28؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی)  کانگریس، بائیں محاذ اور آئی ایس ایف نے بی جے پی اور ترنمول کانگریس پر دہشت گردی پھیلانے کاالزام عاید کرتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے پیمانے پرمرکزی فورسز کی تعیناتی کے باوجود ان دونوں جماعتوں کے ورکرس غنڈہ گردی کررہے ہیں اور کمیشن خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

سالبونی سے سی پی آئی ایم امیدوار سوشانت گھوش نے کہا کہ ان کے حلقہ انتخاب میں بوتھ 142 اور 143 میں بوتھ لوٹ لئے گئے ہیں۔سی پی ایم سنٹرل کمیٹی کے رکن رابن دیب نے الزام عاید کیا ہے کہ کمیشن بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کررہی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ مرکزی فورسز نے بلرام پور اور کھیجوری میں بی جے پی کی مدد کی ہے جس کی شکایت ہم نے الیکشن کمیشن میں درج کروائی ہے۔

دریں اثنا کانگریس کے رہنما اور راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ پردیپ بھٹاچاریہ نے پہلے مرحلے کے پانچ گھنٹے بعد الیکشن کمیشن کے خلاف شکایت درج کروائی۔ پردیپ بھٹاچاریہ نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے انتظامات ناقص ہیں۔ مختلف مقامات پر ہنگامہ برپا ہے، سوشانت گھوش کی گاڑی کو توڑا جارہا ہے، ای وی ایم مشین خراب ہو رہی ہے، مختلف الزامات آرہے ہیں، اور کمیشن صرف گرج رہا ہے۔ بھٹاچاریہ نے کہا کہ ’’میں چیف الیکشن کمشنر سے درخواست کر تا ہوں کہ بنگال انتخابات میں قانون کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ ریاستی پولیس اور مرکزی قوتیں بیک وقت قانون کا دفاع کرنے کی بجائے دہشت گردی کے واقعات کو خاموشی سے دیکھ رہی ہے، میں چیف الیکشن کمشنر سے اپیل کر رہا ہوں کہ وہ فوری طور پر ضلعی پولیس اور مرکزی فورس کو سرگرم عمل رہنے کی ہدایت کریں۔‘‘ دوسری جانب الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سبھی انتظامات مکمل ہیں اور شکایات کی جانچ کی جا رہی ہے۔


Share: